اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے جامع ایٹمی معاہدے کی پہلی سالگرہ کے موقع پر کہا ہے کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے تاریخی معاہدے کو ایک سال پورا ہوگیا ۔ انھوں نے کہا کہ یورپی یونین مشترکہ ایکشن پلان کے مکمل نفاذ کی ضرورت پر تاکید کرتی ہے۔ انھوں نے اسی کے ساتھ سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر بائیس اکتیس کی پابندی کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔
فیڈریکا موگرینی نے کہا ہے کہ ایران اور پانچ جمع ایک کے ایٹمی معاہدے اور مشترکہ جامع ایکشن پلان نے ثابت کر دیا ہے کہ سیاسی ارادے اور ہمہ گیر ڈپلومیسی کے ذریعے سخت ترین مسائل بھی حل کئے جاسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ معاہدوں کی سبھی فریقوں کی جانب سے پابندی ضروری ہے ۔ انھوں نے کہا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ ایران اور یورپی یونین کے درمیان اعتماد کی بحالی اور روابط کے سدھار کے لئے معاہدے کی پابندی اصولی بنیاد کی حیثیت رکھتی ہے۔
یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ نے بتایا کہ سولہ جنوری دوہزار سولہ کو ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کی جانب سے اس بات کی تصدیق کے بعد کہ ایران نے مشترکہ ایکشن پلان پر عمل کیا ہے، یورپی یونین نے ایران کے خلاف تمام پابندیاں ختم کئے جانے اور اقتصادی و تجارتی روابط کی بحالی کے لئے ضروری احکام صادر کر دیئے تھے۔
انھوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ ہونے والا ایٹمی معاہدہ جامع اور شفاف ہے اور یورپی بینک نیز اقتصادی و تجارتی شعبے ایران کے ساتھ کام کرسکتے ہیں.
.......
/169